Navigation

لوگ پیپلز بس سروس کے سفر سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، وزیر اعلیٰ


 کراچی: سندھ حکومت اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے کراچی میں الیکٹریکل گاڑیوں کی ایک اور فلیٹ کی خریداری کے حوالے سے تعاون کرنے پر اتفاق کیا ہے جسے پیپلز بس سروس میں شامل کیا جائے گا جو کہ پہلے سے ہی کراچی میں سروس فراہم کر رہی ہے۔

یہ بات وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور ایشین ترقیاتی بینک کے وفد جس کی سربراہی کنٹری ڈائریکٹر مسٹر یونگ یی کر رہے تھے کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سامنے آئی، وفد کے دیگر اراکین میں یونٹ ہیڈ پراجیکٹ ایڈمنسٹریشن مسٹر دنیش آر شیواکوٹی، یونٹ ہیڈ اربن، واٹر اینڈ ایمرجنسی اسسٹنس مسٹر میاں شوکت شفیع و دیگر شامل تھے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہر میں شروع کی گئی پیپلز بس سروس نے واضح تبدیلی پیدا کر دی ہے، انھوں نے مزید کہا کہ لوگ اس کے سفر سے لطف اندوز ہو رہے ہیں اس لیے وہ زیر تعمیر بی آر ٹی سسٹم کے مکمل ہونے تک سروس میں مزید الیکٹرک بسیں شامل کرنا چاہتے ہیں۔

اس پر اے ڈی بی کے کنٹری ہیڈ نے وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دلایا کہ وہ اس تجویز کی حمایت کریں گے جس پر اے ڈی بی کے متعلقہ سیکٹر افسران اور پی اینڈ ڈی افسران پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو اس منصوبے کی رسمی کارروائیوں کو حتمی شکل دے گی۔

ملیر ہالٹ سے نمائش کوریڈور تک 26.6کلومیٹر طویل بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبہ 78.38 بلین روپے میں شروع کیا گیا ہے، 220 ملین ڈالر کا سندھ فلڈ ایمرجنسی ری کنسٹرکشن پروجیکٹ (اے ڈی بی 200ملین ڈالر جبکہ سندھ حکومت کے 20 ملین ڈالر) سے صوبائی اور ضلعی سڑکوں کی تعمیر نو کے لیے شروع کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ اور دورہ کرنے والے وفد نے 82.5 ملین ڈالر کے سندھ سیکنڈری ایجوکیشن امپروومنٹ پراجیکٹ (SSEIP) پر تبادلہ خیال کیا، انھوں نے کہا کہ منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے، منصوبے کے تحت 500 اسکولوں میں لیب کے آلات فراہم کیے جائیں گے۔

ایک اور منصوبہ ’’انہانسمنٹ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پروجیکٹ‘‘ کے حوالے سے بھی زیر غور لایا گیا، اس منصوبے کا مقصد صوبائی حکومت کی پی پی پی پروجیکٹس کو منتخب کرنے کی صلاحیت کو بڑھانا اور پی پی پی پروجیکٹ سے متعلقہ مالیاتی رسک کو موثر طریقے سے منظم کرنا ہے۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے سیلاب متاثریں کے گھر بنا کر دینا، زراعت اور آبپاشی کی بحالی بڑے چیلنجز ہیں،سیلاب متاثرین کو 2 کمرے، ایک کوریڈور، کچن اور واش روم کا گھر بنا کر دینا چاہتے ہیں۔

یہ بات انھوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی سے ملاقات کے دوران کہی، اس موقع پر سعودی عرب کے سفیر نے وزیراعلیٰ سندھ کو کامیاب ڈونر کانفرنس منعقد کرنے پر مبارکباد دی، سعودی سفیر نے وزیراعلیٰ سندھ کو سیلاب متاثرین کی بحالی کیلیے بھرپور تعاون کا یقین بھی دلایا۔

Share

Post A Comment:

0 comments: