Navigation

پشاور زلمی کی خاطرداری کیلیے کراچی کنگز تیار


  کراچی: پی ایس ایل 8 منگل سے کراچی میں رنگ جمائے گی جب کہ سیزن کے دوسرے میچ میں میزبان کراچی کنگز پشاور زلمی کی خاطرداری کیلیے تیار ہے۔

ملتان میں شاندار افتتاح کے بعد پی ایس ایل8 کا دوسرا میچ کراچی میں کھیلا جائے گا جس میں کنگز اور پشاور زلمی مدمقابل ہیں، اس مقابلے کی خاص بات قومی کپتان بابراعظم ہیں، وہ پہلے کراچی کنگز کے کپتان تھے مگر تازہ ایڈیشن میں اپنی ہی پرانی ٹیم کے خلاف پشاور زلمی کی قیادت کریں گے۔

کنگز کے لیے گزشتہ سیزن کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہیں تھا، جس میں 10 میچز میں سے صرف ایک میچ ہی جیتا، مہم کا اختتام اختتامی نمبر پر ہوا تھا، قیادت ایک بار پھر عماد وسیم کے ہاتھوں میں ہوگی جنھیں شعیب ملک جیسے سینئر کھلاڑی کا بھی ساتھ حاصل ہے، البتہ پاور بیٹنگ کا فقدان اس بار بھی ان کیلیے سب سے بڑی تشویش کا باعث  بن سکتا ہے۔

بطور اوپنر بابر کی جگہ جیمز ونس کو ملنے کا امکان ہے، ان کی محدود دستیابی کے سبب شرجیل خان کو ہی پاورپلے میں برق رفتار بیٹنگ کی ذمہ داری انجام دینا ہوگی، مڈل آرڈر میں حیدر علی اور بین کٹنگ موجود ہیں، دونوں پی ایس ایل میں اچھا ریکارڈ رکھتے مگر اس ایونٹ سے قبل اچھی فارم میں نہیں ہیں، انھیں بہتر پرفارم کرنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو ایک رن سے شکست دے دی

دوسری جانب پشاور زلمی کو اپنے نئے کپتان بابراعظم سے کافی امیدیں ہیں، گذشتہ سیزن میں زلمی کے سفر کا اختتام ایلیمینیٹر میں ہوا تھا، یہ واحد ٹیم ہے جس نے اب تک کم سے کم ہر سیزن کے پلے آف میں رسائی پائی۔

اس بار گذشتہ سیزن کے اہم کھلاڑیوں حضرت اللہ زازئی، حیدر علی اور لیام لیونگ اسٹن کی خدمات حاصل نہیں ہیں،البتہ مقامی کھلاڑیوں محمد حارث اور صائم ایوب سے کافی امیدیں وابستہ کرلی گئیں۔

ٹیم کیلیے سب سے بڑی تشویش اہم فاسٹ بولرز کا ساتھ میسر نہ ہونا ہے، زیادہ انحصار37 سالہ وہاب ریاض پر ہوگا، آف اسپنر مجیب الرحمان محدود میچز کے لیے دستیاب ہوں گے، 18 سالہ لیفٹ آرم اسپنر صفیان مقیم کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع مل سکتا ہے۔

Share

Post A Comment:

0 comments: