Navigation

بھارت سے شکست کے باوجود قومی ٹیم کا بیٹنگ میں ریکارڈ شراکت

ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے گروپ اے میں بھارت کے خلاف پاکستانی ٹیم نے ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شکست کھائی تاہم بیٹنگ میں آخری وکٹ میں شراکت کا ریکارڈ توڑ دیا۔ کولمبو میں کھیلے گئے ٹی20 ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو بھارت کے ایشان کشن نے شان دار بیٹنگ کی اور پاکستان کو جیت کے لیے 176 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستانی بیٹرز نے ناقص کارکردگی دکھائی اور صاحبزادہ فرحان کے صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد دیگر بیٹرز بھی مسلسل آؤٹ ہوتے رہے تاہم عثمان خان نے ٹیم کو 100 کا ہندسہ عبور کرنے کا موقع فراہم کیا۔ پاکستان کے 7 بیٹرز دہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکے اور 3 بیٹرز صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ عثمان خان نے سب سے زیادہ 44 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 6 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، شاداب خان نے 15 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 14 رنز بنائے۔ بھارت کے 175 رنز کے تعاقب میں پوری ٹیم 114 رنز پر ڈھیر ہوئی، جس میں آخری وکٹ کی شراکت میں شاہین شاہ آفریدی اور عثمان طارق نے 17 رنز کی شراکت کی جو ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کا ریکارڈ ہے، عثمان طارق کے صفر پر آؤٹ ہونے کے باوجود شراکت کا ریکارڈ بن گیا ہے۔ ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے دسویں وکٹ میں محمد آصف اور سعید اجمل نے 6 مئی 2010 کو انگلینڈ کے خلاف 15 رنز بنا کر آخری وکٹ میں بڑی شراکت کا ریکارڈ بنایا تھا۔ بھارت کے خلاف ورلڈ کپ کے اس میچ میں پاکستان کی جانب سے سب سے بڑی شراکت شاداب خان اور عثمان خان نے 35 گیندوں پر 39 رنز کی شراکت بنائی تھی، جس میں عثمان کے 22 گیندوں پر 26 اور شاداب خان کے 13 گیندوں پر 13 رنز شامل تھے۔ بابراعظم اور شاداب خان نے 21 جبکہ فہیم اشرف اور شاہین شاہ آفریدی نے 19 رنز کی شراکت بنائی تھی۔ ٹی20 کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ محمد رضوان اور بابراعظم کا انگلینڈ کے خلاف پہلی وکٹ میں ناقابل شکست 203 رنز ہے اور سرفہرست پانچ بڑی شراکت کا ریکارڈ بھی انہی دونوں بیٹرز کے پاس ہے۔ بھارت کے خلاف ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے محمد رضوان اور بابراعظم نے 24 اکتوبر 2021 کو دبئی میں 152 رنز بنا کر سب سے بڑی شراکت قائم کی تھی۔

from The Express News https://ift.tt/NXaGVAR
Share

Post A Comment:

0 comments: