Navigation

والد مسیحی، والدہ سکھ، بھائی مسلمان اور بیوی ہندو : بھارتی اداکار کی عجیب کہانی

بالی وڈ کے باصلاحیت اداکار وکرانت میسی کی کہانی کسی فلمی پلاٹ سے کم نہیں، جنہوں نے2007 میں ٹی وی شو دھوم مچاؤ دھوم سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور بالیکا ودھو جیسے مشہور شوز کے ذریعے بھارتی ٹیلی ویژن انڈسٹری میں اپنی پہچان بنائی۔  وکرانت میسی12-2011 تک ٹی وی کی دنیا میں ایک مقبول نام بن چکے تھے اور ماہانہ 35 لاکھ روپے کمانے لگے تھے۔ تاہم، وکرانت نے اپنی زندگی کا سب سے بڑا فیصلہ لیا اور فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے کے لیے ٹی وی کو خیرآباد کہا۔ ان کا کہنا تھا، "میرے والدین حیران رہ گئے جب میں نے انہیں بتایا کہ میں فلموں میں اپنی نئی شروعات کرنے جا رہا ہوں"۔ فلموں میں ان کے ابتدائی دنوں میں انہیں معمولی کردار ملے، جیسے لٹیرا (2013) اور دل دھڑکنے دو (2015) تاہم انہیں بڑی کامیابی 2017 میں فلم اے ڈیتھ ان دا گنج سے ملی، جس کے بعد ان کے لیے کامیابی کے دروازے کھل گئے۔  وکرانت نے چھپاک (2020)، حسین دلربا (2021) اور ویب سیریز مرزا پور میں اپنی اداکاری سے خوب داد وصول کی۔ انہوں نے 2023 میں  فلم 12ویں فیل میں شان دار پرفارمنس دی، جس نے باکس آفس پر 69 کروڑ سے زیادہ کمائی کی، 2024 میں بھی وہ سبرمتی رپورٹ اور پھر آئی حسین دلربا جیسی فلموں اور ویب شوز میں اپنے فن کا مظاہرہ کرتے نظر آئے۔ وکرانت کی ذاتی زندگی بھی کافی دلچسپ ہے، وہ ایک سیکولر خاندان میں پیدا ہوئے، جہاں ان کے والد مسیحی، والدہ سکھ، بھائی مسلمان اور بیوی ہندو ہیں۔ انہوں نے 12 فروری 2022 کو اداکارہ شیتل ٹھاکر سے شادی کی اور فروری 2025 میں وہ ایک بیٹے کے والد بنے۔  وکرانت کا کہنا تھا کہ "میرے گھر کا ماحول بہت متنوع ہے اور ہم سب ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کرتے ہیں"۔

from The Express News https://ift.tt/MV0XK4O
Share

Post A Comment:

0 comments: