Navigation

ایکسپریس نیوز کراچی کے بیوروچیف سے لوٹ مار، وزیراطلاعات سندھ کا نوٹس

  کراچی: صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے ایکسپریس نیوز کراچی کے بیورو چیف سید فیصل حسین کے ساتھ اے ٹی ایم سے رقم نکلوانے کے دوران لوٹ مار کی واردات کا سختی سے نوٹس لے لیا۔

صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے ڈی آئی جی ایسٹ مقدس حیدر سے فون پر رابطہ کرکے فوری طور پر واردات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے چھینی گئی رقم، اے ٹی ایم کارڈ اور آئی فون برآمد کرنے کی ہدایت کی ہے۔

بیورو چیف ایکسپریس نیوز کراچی فیصل حسین کو شلوار قمیض میں ملبوس مسلح ڈاکو نے انتہائی دیدہ دلیری سے نیوٹاؤن کے علاقے شرف آباد کے قریب نجی بینک کے ایم ٹی اے میں گھس کر اسلحے کے زور پر 50 ہزار روپے نقد، آئی فون 11 اور اے ٹی ایم کارڈ سے محروم کردیا اور باآسانی موٹر سائیکل پر بیٹھ کر فرار ہوگیا۔

مسلح ڈاکو نے نجی بینک کے اے ٹی ایم روم کے دروازے پر لگے لاک کے خراب ہونے کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور اے ٹی ایم استعمال کرنے کے دوران ڈاکو باآسانی اندر داخل ہوا اور واردات کرکے فرار ہوگیا۔

دریں اثنا کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے) کے صدر اعجاز احمد، جنرل سیکریٹری عاجز جمالی اور اراکین مجلس عاملہ نے فیصل حسین کیساتھ لوٹ مار کی شدید مذمت کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ ملوث ڈاکوؤں کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لائیں۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے صدر خلیل ناصر اور جنرل سیکریٹری نعمت خان نے اپنے مشترکہ بیان میں ایکسپریس نیوز کے بیورو چیف کے ساتھ ہونے والی واردات کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور پولیس سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر واردات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرے۔

پاکستان تحریک انصاف سندھ کے جنرل سیکریٹری مبین جتوئی نے بھی ڈکیتی کی واردات کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ واردات میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، آئے روز شہری نقدی اور قیمتی اشیاء سے محروم کردیے جاتے ہیں لیکن پولیس اور صوبائی حکومت ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں۔

The post ایکسپریس نیوز کراچی کے بیوروچیف سے لوٹ مار، وزیراطلاعات سندھ کا نوٹس appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/VZ2qbIe
Share

Post A Comment:

0 comments: