Navigation

ترکیہ میں پاکستانی ریسکیو ٹیم کا زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں آپریشن مکمل


ادیامان: ترکیہ میں پاکستان کی جانب سے بھیجی گئی ریسکیو ٹیم نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں آپریشن مکمل کرلیا۔

ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق پاکستان کی جانب سے ترکیہ میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں بھیجی گئی UN-INSARAG کی سند یافتہ پاکستان ریسکیو ٹیم نے ترکیہ کے صوبہ ادیامان میں اپنا ریسکیو اور ریلیف آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا ہے جو کہ زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے 10 صوبوں میں سے ایک ہے۔

52 رکنی ٹیم کے کمانڈر رضوان نصیر نے ایکسپریس ٹریبیون سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اربن سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن اختتام کو پہنچ گیا اور ٹیم پیر کے روز پاکستان کے لیے روانہ ہوگی۔

رضوان نصیر کے مطابق پاکستان ریسکیو ٹیم (پی آر ٹی) پہلی بین الاقوامی ٹیم تھی جو امدادی کاموں کے لیے ترکیہ پہنچی، ریسکیو آپریشن 5 روز تک جاری رہا اور ترک حکومت نے اب ملبہ ہٹانے اور بچ جانے والوں کو ملک کے مختلف حصوں میں منتقل کرنا شروع کر دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ زلزلے کے بعد تقریباً 6 دن گزر چکے ہیں، ملبے کے نیچے پھنسے ہوئے لوگوں کا زندہ بچنے کا امکان کم ہے جب کہ ٹیم نے لوکیٹرز کا استعمال کرتے ہوئے کم از کم 59 عمارتوں میں زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کی اور جو زندہ مل گئے انہیں بچایا۔

یہ بھی پڑھیں: ‘امید ختم نہ کریں’ : پاکستان فوج کی امدادی ٹیمیں ترکیہ زلزلے کے متاثرین کی مدد کیلیے کوشاں

ٹیم کے ایک رکن نے بتایا کہ ریسکیو ٹیموں نے ایسے لوکیٹر استعمال کیے جو مختلف قسم کی شعاعوں کا استعمال کرتے ہوئے عمارتوں میں زندگی کی علامت تلاش کرتے ہیں۔ ٹیم کے ایک اور رکن نے کہا کہ سائنسی اور حیاتیاتی طور پر انسان کا 4 سے 5 دن تک بغیر خوراک اور پانی کے زندہ رہنا ممکن نہیں ہے۔

کمانڈر رضوان نصیر نے مزید کہا کہ ان کی ٹیم امدادی کاموں کے سلسلے میں پیر کے روز تک ترکیہ میں رہے گی جب کہ مقامی حکام نے ملبہ ہٹانے کے لیے کھدائی کرنے والی بڑی مشینوں کا استعمال شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے ٹیم کی کوششوں، ریسکیو اور ریلیف کے کاموں کو سراہا اور ٹیم کو بیرون ملک بھیج کر ان کی کامیابی پر فخر کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان ریسکیو ٹیم نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے اپنی صلاحیتوں اور مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے متاثرہ افراد کی زندگیوں میں مثبت اثرات مرتب کیے ہیں۔

Share

Post A Comment:

0 comments: