Navigation

پنجاب انتخابات: سپریم کورٹ کو پیش کردہ الیکشن کمیشن رپورٹ، تفصیلات سامنے آگئیں

 اسلام آباد: پنجاب اور خیبرپختونخوا میں عام انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کی سپریم کورٹ کو 27 اپریل کی پیش کردہ رپورٹ کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن نے فنڈز اور سکیورٹی کی عدم فراہمی پر سپریم کورٹ کو آگاہ کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے دو صفحات پر مشتمل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے 19 اپریل کو پنجاب اور کےپی انتخابات کے لیے وفاقی حکومت کو حکم دیا تھا کہ الیکشن کمیشن کو 21 ارب روپے فراہم کیے جائیں لیکن حکومت نے 27 اپریل تک پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے لیے مطلوبہ فنڈز فراہم نہیں کیے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پنجاب ہوم ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب میں انتخابات کے لیے سکیورٹی پلان کمیشن کو پیش کیا تھا جس کے مطابق 3 لاکھ 85 ہزار 485 سکیورٹی اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے۔

علاوہ ازیں الیکشن کمیشن کا رپورٹ میں کہنا تھا کہ کمیشن نے انتخابات کے لیے آرمڈ فورسز کی دستیابی کے لیے سکیورٹی کا معاملہ وزارت داخلہ کے ذریعے وفاقی حکومت کے سامنے اٹھایا تاہم وفاقی حکومت کی جانب سے پنجاب میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے لیے مطلوبہ سکیورٹی فراہم نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پنجاب میں 14 مئی کو عام انتخابات کے انعقاد کا حکم دیا تھا۔

The post پنجاب انتخابات: سپریم کورٹ کو پیش کردہ الیکشن کمیشن رپورٹ، تفصیلات سامنے آگئیں appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/RNp0PdU
Share

Post A Comment:

0 comments: