Navigation

خانپور؛ مغوی بچوں کی دادی کی ڈاکوؤں سے رہائی کی التجا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

خانپور: گزشتہ روز اسکول جاتے ہوئے اغوا کیے گئے مغوی بچوں کی دادی نے ڈاکوؤں سے بچوں کو رہا کردینے کی التجا کی ہے۔ درد ناک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ڈاکٹر خاندان کے بچے گھر سے اسکول جاتے ہوئے  اغوا کرلیے گئے تھے، جو تاحال بازیاب نہیں کروائے جا سکے جب کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سوشل میڈیا پر پھیل چکی ہے۔  واقعے کے بعد سے مغوی بچوں کے اہل خانہ شدت غم سے نڈھال  ہیں جب کہ بچوں کی دادی نے سوشل میڈیا پر ڈاکوؤں سے رہائی کی التجا کردی ہے۔

 

بچوں کی دادی نے ڈاکوؤں کو روتے ہوئے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں بچے بیمار ہیں، مبارک مہینے کا واسطہ، بچوں کو گھر چھوڑ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اغوا کار بھائیوں سے اپیل کرتی ہوں کہ بچوں کو چھوڑ دو۔بچے صبح اسکول بھی بھوکے روانہ ہوئے تھے۔ دوسری جانب 24 گھنٹے گزر گزرنے کے بعد بھی خانپور پولیس مغوی بچوں کا سراغ لگانے میں ناکام ہے۔اس سلسلے میں ڈی پی او رضوان عمر گوندل کا کہنا ہے کہ تمام تر وسائل بروئے کار لاکر بچوں کو تلاش کیا جا رہا ہے۔  

واضح رہے کہ خان پور میں اغوا کاروں نے سابق ایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال خان پور ڈاکٹر حسن محمود کے بچوں کو گزشتہ روز صبح اسکول جاتے ہوئے راستے سے اغوا کیا تھا۔ بچوں کی والدہ بھی ڈاکٹر ہیں۔ 11 سالہ شایان اور 7 سالہ سبحان گاڑی پر ڈرائیور کے ساتھ اسکول جا رہے تھے کہ راستے میں ڈاکوؤں نے روک کر اغوا کرلیا۔

اغوا کیے جانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے، جس میں تین اغوا کار دیکھے جا سکتے ہیں۔ واقعے کے بعد شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر واردات کا مقصد اغوا برائے تاوان لگتا ہے، تاہم مغوی بچوں کی تلاش کے لیے تمام وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔

The post خانپور؛ مغوی بچوں کی دادی کی ڈاکوؤں سے رہائی کی التجا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/NEq79yt
Share

Post A Comment:

0 comments: